نئی دہلی، 3 /مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر میں ہندوستانی فوج کے دو اہلکاروں کا سر کاٹے جانے کے معاملے پر ہندوستان نے آج پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کیا۔وزارت خارجہ کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق، خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر نے عبدالباسط کو طلب کیا اور اس واقعہ پر ہندوستان کی ناراضگی سے انہیں آگاہ کیا۔ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن(ڈی جی ایم او)لیفٹیننٹ جنرل اے کے بھٹ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو بھی بتایا ہے کہ ایسی ناپسندیدہ اور غیر انسانی حرکت باہمی تعاون کے معیار سے باہر ہے اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ یکم مئی کو پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم(بی اے ٹی)نے جموں کشمیر کے پونچھ علاقے میں 250میٹر اندر گھس کر نائب صوبے دار پرمجیت سنگھ اور بی ایس ایف کے ہیڈ کانسٹیبل پریم ساگر کو قتل کر دیاتھا۔